دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کشمیرکی خاطر تین جنگیں لڑیں، 10 اور لڑنی پڑیں تو لڑیں گے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر
No image مظفر آباد ( مانیٹرنگ رپورٹ)یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مظفر آباد کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ کشمیرکا فیصلہ کشمیر کے عوام کو کرنا ہے، کشمیرکی خاطر تین جنگیں لڑی ہیں، 10 اور لڑنی پڑیں تو انشا اللہ لڑیں گے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے یادگار شہدا پر حاضری دی، انہوں نے آزادی کشمیر اور دفاع وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیریوں کے غیرمتزلزل عزم کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے اپنے دورے کے دوران آرمی چیف نیافسران اورجوانوں کے جذبے کو بھی سراہا، اور مسلح افواج کی جنگی تیاریوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ جنرل سید عاصم منیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی مظالم اور بڑھتی ہوئی ہندوتوا انتہا پسندی کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر کے خلاف مظلوم کشمیریوں کے جائز اور منصفانہ مقصد میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کشمیر ایک دن آزاد ہوگا اور کشمیری عوام کی آزادی اور تقدیر کے مطابق پاکستان کا حصہ ہوگا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے تیار ہے، بھارتی مظالم اور بڑھتی ہندو انتہا پسندی سے کشمیریوں کا عزم آزادی مضبوط ہو رہا ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ کشمیرکا فیصلہ کشمیر کی عوام کو کرنا ہے، نہ کہ مقبوضہ کشمیر میں کِسی غاصب فوج کو، مزید کہا کہ کشمیرکی خاطر تین جنگیں لڑی ہیں، 10 اور لڑنی پڑیں تو انشا اللہ لڑیں گے۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے قائداعظم محمد علی جناح کے اس فرمان کو دہرایا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کہا کہ شہ رگ کو جسم سے کاٹنیکا مطلب زندگی کا خاتمہ ہے۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ مسلمان کبھی دشمن کی تعداد یا ہتھیاروں سے مرعوب نہیں ہوتا، ایمان، تقوی اور جہاد فی سبیلِ اللہ کی بنیاد پراللہ کا گروہ ہی ہمیشہ غالب رہے گا۔آرمی چیف نے کہا کہ کشمیرمیں انٹرنیٹ کی سہولیات کو بہتر بنائیں گے اور آئی ٹی سیکٹر میں یوتھ کے لیے روزگار پیدا کریں گے۔

واپس کریں