وزیر اعظم تنویر الیاس کی زیر صدارت محکموں کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس، جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے لئے دعا اور وزیر اعظم کا اظہار تعذیت
مظفرآباد (پی آئی ڈی)7فروری 2023۔وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار تنویرا لیاس خان نے کہا ہے کہ محکمہ جات کی کارکردگی کو بہتر بنانے، عوام کے لیے فلاحی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے وزرا کرام موثر مانیٹرنگ کے لیے جامع پالیسی بنائیں۔ عوامی ضرورت کے منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ کام کے معیار اور کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہونا چاہیے۔ محکمہ جات کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کی جائیں۔ ماہانہ بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد ہو گا جس میں ترقیاتی منصوبوں کے کام کی رفتار اور تکمیل کا جائزہ لیا جائے گا۔ تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں۔ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ اب خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے سموار کے روز محکمہ جات کی پراگریس کے حوالہ سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سینئر موسٹ وزیر خواجہ فاروق احمد، وزرا حکومت چوہدری محمد رشید، عبدالماجد خان،دیوان علی خان چغتائی، محمد اکبر ابراہیم،چوہدری محمد ارشد، سردار میر اکبر خان، چوہدری محمد اخلاق، نثار انصر ابدالی، محمد اکمل سرگالہ، چوہدری یاسر سلطان، چوہدری اظہر صادق،چوہدری محمد مقبول، علی شان سونی، مشیر حکومت سردار محمد حسین ،حافظ حامد رضا، معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری محمد عثمان چاچڑ ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹری مالیات،سیکرٹری صاحبان حکومت، سربراہان محکمہ جات نے شرکت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات فیاض علی عباسی نے محکمہ جات کی کارکردگی اور منصوبوں کی تکمیل کے حوالہ سے بریفنگ دی۔
وزیرا عظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ عوامی اور ریاست کے مفاد کے منصوبے بروقت مکمل کیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات اپنی استعداد کار کو بہتر بنائیں۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ڈویلپمنٹ اتھارٹیز میں بہتری کے لیے اتھارٹیز کی پرفارمنس کا جائزہ لیا جائے۔ وزیراعظم نے تمام محکمہ جات کے سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ ملازمین کے ٹیکس ریٹرن اور گوشوارہ جات اور اثاثہ جات بروقت جمع کروائیں۔ وزیرا عظم نے کہا کہ ترجیحات سیٹ کریں اور عوامی نوعیت کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور موثر مانیٹرنگ کے لیے پالیسی بنائی جائے۔ اجلاس میں پی ایس ڈی پی کے تحت جاریہ منصوبہ جات کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ہدایت کی کہ آئندہ کابینہ کا اجلاس ہر ماہ کی 10تاریخ کو منعقد ہو گا۔ 10تاریخ کو سرکاری تعطیل ہونے کی صورت میں اجلاس اگلے روز منعقد ہو گا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے یہ ہدایت سموار کے روز ہونے ترقیاتی جائزہ اجلاس میں دی۔
وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ترکیہ میں ہونے والے شدید زلزلہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ترکیہ ہمارا برادر اسلامی ملک ہے۔ ترکیہ نے 2005کے زلزلہ کے دوران آزادکشمیر کے عوام کی بڑھ چڑھ کے مدد کی۔ وزیرا عظم نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری کشمیری قوم اور حکومت ترکیہ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہا کیا ہے۔ وزیرا عظم نے زلزلہ میں شہید ہونے والے افراد کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت ہونے والے ترقیاتی جائزہ ا جلاس میں سابق صدر پاکستان جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ مشیر حکومت حافظ حامد رضا نے دعا کروائی۔وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے سابق صدر پاکستان جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی وفات پر گہرے دکھ اور رنج کا ا ظہار کیا ہے۔وزیرا عظم آزادکشمیر نے مرحوم کے لیے دعائے مغفر ت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
واپس کریں