سپیکر اسمبلی چوھری انوار الحق بلا مقابلہ آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم منتخب ، اعتماد کا ووٹ لینے کے عمل میں 52 ارکان میں سے48ارکان اسمبلی نے چودھری انوار الحق کو ووٹ دیئے
مظفر آباد( کشیر رپورٹ)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری انوار الحق بلامقابلہ آزاد کشمیر کے نئے وزیر اعظم منتخب ہو گئے۔ ان کے مقابلے میں کسی نے وزیر اعظم کے انتخاب کے لئے کاغذات جمع نہیں کرائے۔اعتماد کا ووٹ لینے کے عمل میں 52 ارکان میں سے48ارکان اسمبلی نے چودھری انوار الحق کو ووٹ دیئے۔اس طرح آزاد کشمیرمیں گزشتہ کئی دنوں سے جاری سیاسی کشمکش کا فیصلہ غیر متوقع طور پر ہو گیا۔
اجلاس ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض کی صدارت میں منعقد ہوا۔آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہوا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے رات 12 بجکر 40 منٹ سے 12 بجکر 55 منٹ تک کا وقت دیا گیا۔سیکرٹری اسمبلی آزاد کشمیر کے مطابق حکومت کی جانب سے کسی کے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے جس کے بعد اسپیکر انورالحق کو بلامقابلہ وزیراعظم منتخب کیا گیا لیکن بلا مقابلہ انتخاب کے بعد بھی ووٹنگ کا عمل کرایا گیا۔پی ٹی آئی کے دو ارکان نے وزیراعظم آزادکشمیر کے انتخاب میں حصہ نہیں لیا جبکہ جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے سردار حسن ابراہیم اور مسلم کانفرنس کے سردار عتیق بھی ووٹنگ کے عمل میں شریک نہیں ہوئے۔انوار الحق نے48ووٹ لے کر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی تاریخ کا سب بڑا مینڈیٹ حا صل کیا۔چوہدری انوارالحق کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر سے ہے، وہ 2006 میں پہلی بار ممبر اسمبلی منتخب ہوئے، انوارالحق دو بار اسپیکر اسمبلی رہ چکے ہیں۔اطلاعات کے مطابق انوار الحق اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان پاور شیئرنگ فارمولا طے پایا ہے جس کے مطابق صدر آزاد کشمیر بیر سٹرسلطان محمود کو عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا جائے گا۔
ان کے والد چوہدری صحبت علی اس خطے کی قانون ساز اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر سابق رکن اور سینیئر وزیر رہ چکے ہیں۔ انورالحق نے اپنی سیاست کا آغاز بلدیاتی سطح سے کیا، ابتدا میں وہ بھمبر کی ضلع کونسل کے ایڈمنسٹریٹر رہے جس کے بعد قانون ساز اسمبلی تک پہنچے۔چوہدری انوار الحق سنہ 2006 میں پیپلز مسلم لیگ کے ٹکٹ سے قانون ساز اسمبلی کے ممبر منتخب ہوئے تھے جس کے بعد وہ وزیر، قائمقام صدر اور قانون ساز اسمبلی کے سپیکر بھی رہ چکے ہیں۔پاکستان کے سابق سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ (ر) جنرل چوہدری اکرام الحق ان کے بھائی ہیں۔
واپس کریں