ٹرانسپوٹرز اور ٹریفک پولیس اہلکاران کی ملی بھگت سے فیض آباد میں واقع پبلک پارکنگ پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کے اڈے میں تبدیل
راولپنڈی(کشیررپورٹ)راولپنڈی کے فیض آباد علاقے میں میٹروپل کے نیچے واقع پبلک پارکنگ کو پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کے اڈے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔شہریوں کی شکایت پہ راولپنڈی ٹریفک پولیس نے جواب دیا ہے کہ یہ علاقہ اسلام آباد کی حدودمیں واقع ہے جبکہ اس سے پہلے شہریوں کی طرف سے دو بار شکایت درج کرانے پہ راولپنڈی ٹریفک پولیس نے دو مرتبہ کاروائی کرتے ہوئے فیض آباد پبلک پارکنگ میں پبلک سروس گاڑیوں کا داخلہ بند کرا دیا تھا جبکہ اب راولپنڈی ٹریفک پولیس اس کی ذمہ داری لینے سے انکار کر رہی ہے۔ فیض آباد پبلک پارکنگ میں پبلک ٹرانسپورٹ کی ویگنوں کی وجہ سے شہریوں کو اپنی گاڑیاں پارک کرنے کی جگہ نہیں ملتی۔
فیض آباد پبلک پارکنگ میں موجود پبلک ٹرانسپورٹ کے ویگن ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس اہلکاران کو پبلک پارکنگ کی جگہ کے استعمال کے پیسے دیتے ہیں۔ تاہم یہ معلو م نہیں کہ پبلک سر وس گاڑیوں کی طرف سے دیا جانے والا پیسہ سرکاری خزانے میں جاتا ہے یا راولپنڈی ٹریفک پولیس اہلکاران کی جیب میں جاتا ہے۔
فیض آباد میں سروے آف پاکستان کی دیوار سے ملحق میٹروپل کے نیچے واقع پبلک پارکنگ شہریوں کی سہولت کے لئے قائم کی گئی تھی لیکن ٹریفک پولیس اہلکاران اور ٹرانسپوٹرز کی ملی بھگت سے پبلک پارکنگ کو پبلک سروس گاڑیوں کے اڈے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔شہریوں نے اعلی حکام سے اپیل کی ہے کہ شہریوں کی سہولت سے متعلق اس معاملے پہ فوری توجہ دی جائے اور اس معاملے میں ملوث اہلکاران کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
واپس کریں