ہر سال تقریبا140ہندوستانی فوجی خود کشی کرتے ہیں، ہندوستانی فوج کا بیان۔ خود کشی کرنے والے ہندوستانی فوجیوں کی تعداد فوج کی بیان کردہ تعداد سے دوگنا سے بھی زیادہ ہے، غیر جانبدار حلقے
نئی دہلی( کشیر رپورٹ) ہندوستانی فوج نے کہا ہے کہ ہر سال تقریبا 140ہندوستانی فوج ڈیوٹی کے دوران خود کشی کرتے ہیں ، خود کشی کرنے والے ان فوجیوں کو گھر تک پہنچانے اور آخری رسومات کے وقت فوجی پروٹوکول نہیں دیا جا تا ، تاہم ان کے ورثاء کی مالی مدد کی جاتی ہے۔ہندوستانی فوج کے اس انکشاف کے مطابق ہر مہینے تقریبا12ہندوستانی فوجی دوران ڈیوٹی خود کشی کر تے ہیں۔ غیر جانبدار حلقوں کے مطابق خود کشی کرنے والے ہندوستانی فوجیوں کی اصل تعداد بہت زیادہ ہے جبکہ ہندوستانی فوجی حکام کی طرف سے بیان کردہ یہ اعداد و شمار کم بیان کئے گئے ہیں۔
ہندوستانی فوج کی طرف سے یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا کہ جب انڈین فوج کے 19 سالہ جوان مرت پال سنگھ نے 11 اکتوبر کو اپنے آپ کو گولی مار کرخود کشی کر لی، اس کے بعد دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ رگھو چڈھا نے وزیر اعظم نریندر مودی کی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انکشاف کیا کہ خود کشی کرنے والے اس فوجی کی لاش کو اس کے گھر بھیجنے کے لئے فوج کا کوئی یونٹ نہیں گیا ،اس کی لاش نجی ایمبولینس پہ لائی گئی اور اسے کوئی فوجی اعزاز نہیں دیا گیا۔خود کشی کرنے والے ہندوستانی فوجی امرت پال سنگھ کی آبائی ریاست پنجاب میں حکمران اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے بھی فوج کے حاضر سروس اہلکاروں کی بے عزتی کرنے پر وزیر اعظم مودی کی وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ اس پر ہندوستانی فوج کی طرف سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ چوں کہ نوجوان فوجی کی موت ان کے اپنے ہاتھوں سے چلائی گئی گولی کے زخم کی وجہ سے ہوئی اس لیے موجودہ پالیسی کے مطابق انہیں گارڈ آف آنر دیا گیا اور نہ ہی فوجی اعزاز کے ساتھ دفن کیا گیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں لاکھوں کی تعداد میں ہندوستانی فوجی گزشتہ تیس سال کے دوران ہزاروں کی تعداد میں خود کشی کر چکے ہیں اور آئے روز ہندوستانی فوجیوں کی طرف سے خود کشی کے واقعات رونما ہوتے ہیں۔سالہا سال پہلے ہندوستانی فوج نے غیر معمولی تعداد میں فوجیوں کی طرف سے خودکشی کرنے کی صورتحال میں ایک خصوصی پروگرا م بھی شروع کیا لیکن اس کے باوجود ہندوستانی فوجیوں کی طرف سے خود کشی کرنے کے واقعات میں کمی نہیں ہو سکی۔غیر جانبدار حلقوں کے مطابق خود کشی کرنے والے ہندوستانی فوجیوں کی تعداد ہندوستانی فوج کی طرف سے بیان کردہ تعداد سے دوگنا سے بھی زیادہ ہے ۔
واپس کریں