حکومتی مذاکراتی ٹیم اور عوامی ایکشن کمیٹی نمائندگان میں فی یونٹ بجلی لاگت تعین کے علاوہ چارٹر آف ڈیمانڈ کے تمام معاملات طے پاگئے، مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان
اسلام آباد (پی آئی ڈی) 20 دسمبر 2023۔آزادجموں و کشمیر کے وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی ،چئیرمین مذاکراتی کمیٹی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے وزرا حکومت میاں عبد الوحید اور سردار ضیا القمر وجموں و کشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے شوکت نواز میر اور نمائندگان کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جوائنٹ اعلامیہ طے پا گیا ہے جس کے مطابق حکومتی مصالحتی کمیٹی اور جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان چارٹر آف ڈیمانڈ پر سوائے بجلی کی فی یونٹ لاگت کے تعین ،باقی تمام معاملات بمطابق چارٹر آف ڈیمانڈ ،یکسو ہو چکے ہیں اب وجہ تنازعہ واپڈا کے ذریعے پیدا ہوئی پن بجلی کی پیداواری لاگت کا تعین ہے جس کے لئے حکومت اصولی طور پر اس امر پر متفق ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے گا اس کے لئے طریق کار طے کرنے نیز سارے عمل کے مالی مضمرات کا جائزہ لینے کے علاہ جملہ متعلقین بشمول کابینہ ،اسمبلی کو اعتماد میں لیتے ہوے آمدہ دو ہفتوں میں عمل درآمد کیا جائے گا ۔عوامی ایکشن کمیٹی نے کل 21 دسمبر کو بجلی کے بلات جلانے کی کال واپس لے لی ہے ۔پریس کانفرنس عوامی ایکشن کے شوکت نواز میر ،عمر تنویر ،راجہ غلام مجتبی ،امتیاز اسلم فیصل جمیل کشمیری ،شہزاد خان ،سردار سجاد خان ،مجتبی بن فاروقی و دیگر موجود تھے ۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں چیئرمین مذاکراتی کمیٹی وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے خلوص نیت سے عوامی ایکشن کمیٹی سے مذاکرات کئے اور پچھلے دو ماہ سے یہ عمل جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے وفاق پاکستان کے اداروں اور قومی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا میں آذادکشمیر کے مسائل کو تدبراور خوبصورتی سے اجاگر کیا ہے اور ان کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ایک ایک نکتے پر طویل بحث ہوئی اور ایک دوسرے کے نکتہ نظر کو سمجھنے کا موقع ملا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہا کہ یہ مطالبات میرے الفاظ ہیں ، جتنے ایشوز آئے ان پر سیر حاصل گفتگو ہوئی رات کو بھی آٹھ گھنٹے مذاکرات ہوے ،حکومت اور ایکشن کمیٹی کے درمیان معاہدہ لکھا گیا ۔ایک سوال کے جواب میں راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ بے شمار چیلنجرز درپیش ہیں جنہیں حل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ اس تحریک سے لوگوں کو شعور ملا جس سے ہماری کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی جو چیزیں حکومت کے اختیار میں ہیں وہ حل کریں گے اپنی آئینی اور قانونی حدود میں رہتے ہوے معاملات کا حل نکالا جائے گا ۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ماسوائے بجلی کی فی لاگت کے تمام امور طے ہو چکے ہیں حکومت پوری نیک نیتی کے ساتھ اپنے وعدوں کو پورا کرے گی ۔اس موقع پر شوکت نواز میر نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی نے 21 دسمبر کو بل چلانے کی کال واپس لے لی ہے ۔انہوں نے حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کی نیک نیتی اور خلوص کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک پونچھ ڈویژن سے شروع ہوئی ،پھر مظفرآباد ڈویژن اور میرپور ڈویژن اس میں شامل ہوئے ہماری ایکشن کمیٹی کا دس نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ ہے جس کا تعلق ریاست کے وسائل پر حق ملکیت سے ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے بھی ہمیں حوصلہ دیا ہے امید ہے کہ ہم مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔
واپس کریں