برطانوی ہائی کمشنر کے دورہ آزاد کشمیر پہ ہندوستان کی بوکھلاہٹ ، ہندوستانی وزارت خارجہ کا بیان جاری
اسلام آباد ( کشیر رپورٹ) ہندوستانی وزارت خارجہ نے13جنوری کو ایک بیان میں برطانوی ہائی کمشنر کے آزاد کشمیر کے دورے کو ہندوستان کی خودمختاری اور سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ اسلام آباد میں متعین برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ 10 جنوری کو آزاد کشمیر کے شہر میرپور شہر گئی تھیں انہوں نے آزاد کشمیر کے صدر سلطان محمود چوہدری سے بھی ملاقات کی تھی۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سکریٹری خارجہ نے ہندوستان کی جانب سے نئی دہلی میں برطانوی ہائی کمشنر کے پاس اس خلاف ورزی کے خلاف سخت اعتراض درج کرایا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقے ہندوستان کے اٹوٹ انگ ہیں اور یہ خطے ہندوستان کے اٹوٹ انگ رہیں گے۔میریٹ کے ساتھ آنے والے برطانوی حکام کے گروپ میں برطانوی دفتر خارجہ میں پاکستان اور افغانستان میں سیکیورٹی آپریشنز کے شعبہ کے سربراہ رچرڈ لنڈسے کے علاوہ سیم شرمین، البرٹ ڈیوڈ، روس میک پارٹ لینڈ، سنیہا لال، آکاش اشرف اور عدیلہ خان شامل تھے۔
برطانوی ہائی کمشنرمس جین میریٹ(Ms. Jane Marriott) کی سربراہی میں برطانوی ہائی کمیشن کے اعلی سطحی وفد نے 10جنوری کو صدرآزادجموں وکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کی آبائی رہائش گاہ چیچیاں میرپور میں ان سے ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر وفد میں برطانوی وزارت خارجہ میں پاکستان اور افغانستان سکیورٹی آپریشن ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ رچرڈ لنڈسے(Mr. Richard Lindsay)،برطانوی ہائی کمیشن کے ہیڈ آف ریجنل سکیورٹی ٹیم سام شیرمین (Mr. Sam Sherman)،برطانوی ہائی کمیشن کے ہیڈ آف کونسل البرٹ ڈیوڈ (Mr. Albert David)،برطانوی ہائی کمیشن کے سکینڈ سیکرٹری رس میک پارٹلینڈ (Mr. Russ Macpartland)،برطانوی ہائی کمیشن کی ہیڈ آف کمیونیکیشن مس سنیہالالہ (Ms. Sneha Lala)، برطانوی ہائی کمیشن کے ڈیزائن اینڈ ڈیجیٹل آفیسر آکاش اشرف (Mr. Aakash Ashraf)اور برطانوی ہائی کمیشن کی پولیٹیکل ایڈوائزر مس عدیلہ خان(Ms. Adeela Khan) شامل تھے۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور برطانوی ہائی کمشنر مس جین میریٹ (Ms. Jane Marriott)کے درمیان ون آن ون ملاقات میں آزادکشمیر میں برطانوی حکومت کی طرف سے جاری منصوبہ جات برطانیہ میں مقیم اوورسیز کشمیریوں کو درپیش مسائل اور آزادکشمیر میں برطانوی حکومت کی طرف سے سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آزادکشمیر میں ہونے والے اثرات اور ان سے نبردآزماہونے کے لئے لائحہ عمل طے کرنے پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور برطانوی ہائی کمشنرمس جین میریٹ(Ms. Jane Marriott) نے برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کے مختلف وفود سے ملاقاتیں کر کے تارکین وطن کو درپیش مسائل سنے۔ اس موقع پر صدرریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور برطانوی ہائی کمشنرمس جین میریٹ(Ms. Jane Marriott) کے درمیان باہمی دلچسپی سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے تمام منقسم علاقے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق ایسے متنازعہ علاقے ہیں جن کے مستقبل کا فیصلہ اقوام متحدہ کی نگرانی میں کشمیریوں کی رائے شماری کے ذریعے کیا جا نا ہے ۔
واپس کریں