کشمیری مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریبات کی مذمت کرتے ہیں،بھارتی تسلط سے آزادی کے حصول کیلئے پرعزم ہیں۔ سینئر آزادی پسند رہنما فاروق رحمانی
اسلام آباد 23جنوری ( کشیر رپورٹ)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کے عوام مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد میں بھارت کی ناکامی کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں بھارت کی تمام سرکاری تقریبا ت کو مسترد کرتے ہیں، کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کے حصول کیلئے پرعزم ہیں، کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خود ارادیت کواقوام متحدہ نے بھی تسلیم کررکھا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کشمیری مقبوضہ علاقے میں بھارتی سرکاری تقریبات کا ہمیشہ بائیکاٹ کرتے ہیں جبکہ بھارت اپنی قابض فورسز کے ذریعے کشمیریوں خصوصا سرکاری ملازمین اور سکولوں کے طلبہ کو ان تقریبات میں شرکت پر مجبورکرتا ہے ۔ فاروق رحمانی نے بے گناہ شہریوں کے روزانہ قتل عام، آزادی پسند تنظیموں کو نشانہ بنانے، اسلامی تعلیمی اداروں پر پابندی اور کشمیریوں کی جائیدادوں کو ضبط کرنے پر مودی کی نسل پرست حکومت کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے مسلم ملازمین کو ان کی ملازمتوں سے برطرفی اور کشمیری نوجوانوں کی گرفتاریوں اور ان پر ظلم و تشدد پر افسوس کا اظہار کیا۔
واپس کریں