ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات مدحت شہزاد کی زیر صدارت ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس، آزاد کشمیر کے متعدد ترقیاتی منصوبوں پہ غور
مظفرآباد (پی آئی ڈی)14مارچ 2024۔آزادکشمیر کی ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات محترمہ مدحت شہزاد کی زیر صدارت آزاد کشمیرتر قیاتی ورکنگ پارٹی کا مالی سال 24-2023 کا چھٹا اجلاس جمعرات کے روز م کشمیر پلان ہائوس مظفر آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں پلاننگ کمیشن اور محکمہ مالیات کے سینئر آفیسران کے علاوہ متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے آفیسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں محکمہ صحت عامہ کے زیر انتظام وفاقی حکومت کے تعاون سے جاریہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج میر پور کا نظر ثانی منصوبہ لاگتی 5 ارب 11 کروڑ 18 لاکھ روپے اور آزاد کشمیر بھر کے بڑے ہسپتالوں (AIMS, CMHs,DHQS, RBTC) میں بقیہ سہولیات کی فراہمی کا نظر ثانی منصوبہ لاگتی 94 کروڑ 28 لاکھ روپے، محکمہ رسل و رسائل کے زیر انتظام ضلع کوٹلی میں تتہ پانی گوئی روڈ لمبائی 12 کلو میٹر لاگتی 39 کروڑ 83 لاکھ روپے کے علاوہ ضلع بھمبر میں سیلر نالہ پر 180 میٹر لمبے RCC پل کی تعمیر کا نظر ثانی منصوبہ لاگتی 72 کروڑ 11 لاکھ روپے،محکمہ خوراک کے زیر انتظام آزاد کشمیر کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں 03 عدد موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریز کے قیام کا نظر ثانی منصوبہ لاگتی 13 کروڑ 82 لاکھ روپے، محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے زیر انتظام آزاد کشمیر کے گورنمنٹ کالجز میں سفری سہولیات کی فراہمی کا 39 کروڑ 99لاکھ روپے مالیت کا منصوبہ، محکمہ توانائی و آبی ذخائر کے زیر انتظام جہلم ویلی میں 3.2 چھم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کا نظر ثانی منصوبہ لاگتی 93 کروڑ 34 لاکھ روپے، ضلع جہلم ویلی میں ہٹیاں کے مقام پر قائم گرڈ سٹیشن کی اپ گریڈیشن کا نظر ثانی منصوبہ لاگتی 30 کروڑ 13 لاکھ روپے اور گرڈ سٹیشنز کے قیام کی خاطر اراضی کے حصول کے لئے معاوضہ جات کی ادائیگی کا 06 کروڑ روپے مالیت کا منصوبہ،محکمہ صنعت کے زیر انتظام ضلع نیلم میں چٹھا کٹھا، پنج کٹھا اور عثمان بہک کے مقامات پر روبی پتھر کے ذخائر کی دریافت و تلاش کے منصوبہ کی مدت تکمیل میں توسیع، محکمہ داخلہ کے زیر انتظام باغ میں جیل بلڈنگ کی تعمیر کا منصوبہ لاگتی 34 کروڑ 55 لاکھ روپے، راولاکوٹ میں جیل بلڈنگ کی تعمیر کا نظر ثانی منصوبہ لاگتی 28 کروڑ 88 لاکھ روپے کے علاوہ آزاد کشمیر پولیس کے لئے گاڑیوں کی خرید کامنصوبہ لاگتی 30 کروڑ روپے زیر غور لائے گئے۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات محترمہ مدحت شہزاد نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
واپس کریں