پاکستانOICوزرائے خارجہ کونسل اجلاس میں کشمیریوں کے حق خودارادیت اور غزہ میں جاری نسل کشی پر اپنا نقطہ نظر پیش کرے گا
اسلام آباد( کشیر رپورٹ)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار 4اور5مئی 2024کو گیمبیا کے شہر بنجول میں منعقد ہونے والے 15ویں او آئی سی سربراہی اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے،وفد 2سے3مئی کوہونے والے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت کرے گا جہاں وزرا اجلاس کے ایجنڈے اور اعلامیے پر تبادلہ خیال کریں گے اوران کو حتمی شکل دیں گے۔یہ سربراہی اجلاس امت مسلمہ کو درپیش ایک نازک صورتحال کے موقع پر بلایا جا رہا ہے کیونکہ غزہ کے عوام کے خلاف جنگ مسلسل جاری ہے۔ وزارت خارجہ کی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ او آئی سی کے رہنمائوں کے لیے یہ ایک اہم موقع ہو گا کہ وہ غزہ کی سنگین صورتحال پر غور و فکر کریں اورمسئلہ فلسطین پر ایک مضبوط، اجتماعی اور متفقہ موقف پیش کریں۔سربراہی اجلاس میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار غزہ میں جاری نسل کشی، جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت، امت کی یکجہتی،بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا، موسمیاتی تبدیلی کے مسائل، دہشت گردی اور دیگر عالمی مسائل پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔۔ وہ امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز کا اجتماعی حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیں گے۔ اسحاق ڈار سربراہی اجلاس میں شریک رہنمائوں اور وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
واپس کریں