دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
برطانیہ کے عام انتخابات میں لیبر پارٹی کی شاندار کامیابی ،کیئر سٹارمر نئے وزیر اعظم ہوں گے
No image لندن ( کشیر رپورٹ) برطانوی پارلیمنٹ کے الیکشن میں لیبر پارٹی نے 2010سے مسلسل چار بار حکومت کرنے والی کنزر ویٹیو پارٹی کو بدترین شکست دے دی ہے۔کل 650 نشستوں میں سے لیبرپارٹی نے 412 نشستیں، جبکہ کنزرویٹیو نے121اورلب ڈیم نے68نشستیں حاصل کی ہیں۔پارلیمنٹ کی 650 نشستوں کیلئے ساڑھے چار ہزار سے زائد امیدوار ہیں، کام یابی کیلئے کسی بھی پارٹی کو 50 فیصد یعنی 326 نشستیں درکار ہیں۔لیبر پارٹی کے لیڈر سر کیئر اسٹارمر نے شاندار کامیابی پہ برطانوی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔کیئر سٹارمر برطانیہ کے نئے وزیر اعظم ہوں گے۔الیکشن میں کامیاب ہونے والی پارٹی کا لیڈر ہی وزیر اعظم بنتا ہے ۔9 جولائی کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے اور پھر اسپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔
پارلیمنٹ کی 650 نشستوں کے لیے ساڑھے 4 ہزار سے زائد امیدوارشامل ہوئے۔برطانیہ میں تقریبا 50 ملین ووٹرز کے لیے 40 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے۔پولنگ کا سلسلہ برطانوی وقت کے مطابق صبح 7 بجے سے شروع ہوا جو رات 10 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔برطانیہ میں 2017 اور 2019 کے بعد یہ تیسرے انتخابات ہیں جو قبل از وقت ہوئے ہیں۔نتائج کے مطابق لبرل ڈیموکریٹس نے71،آزاد11،ایس این پی9،سن فین7،ڈی یو پی5،گرین ( ای اینڈ ڈبلیو)4،پلیڈ کائیمرو4 اورریفارمز یو کے نے 4نشستیں حاصل کی ہیں۔
الیکشن مہم میں لیبر پارٹی کے سربراہ کیئر سٹارمر نے اس بات پہ زور دیا کہ مزدور طبقے کے لوگوں کے لیے روزگار کی سلامتی کو یقینی بنانے میں ریاست کا مضبوط کردار اہم ہے۔لیبر پارٹی کی کامیابی کی اہم وجہ اس کے عوام دوست منشور کو قرار دیا جار ہاہے۔ لیبر پارٹی کے منشور میںکہا گیا کہ حکومت قائم کرنے کی صورت لیبر پارٹی ٹیکس بڑھانے یا سوشلسٹ طرز پر دولت کی تقسیم کی بجائے اقتصادی مواقع پیدا کرنے پر زیادہ توجہ دے گی، ٹیکس بڑھانے کی بجائے دولت کی پیداوار اور صنعت کاری کی نئی پالیسیاں وضع کی جائیں گی، مزدور طبقے کے لوگوں کے لیے روزگار کی سلامتی کو یقینی بنانا،دولت کی تخلیق کا فروغ ، سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور بنیادی ڈھانچے کی 10 سالہ حکمت عملی کے تحت ریلوے جیسے برطانوی بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا۔ توانائی کے تحفظ کو فروغ دینے کے لیے ریاستی ملکیت والی صاف توانائی کی کمپنی قائم کرنا، جس کے لیے سرمایہ تیل اور گیس کی بڑی کمپنیوں کو غیر متوقع طور پر ہونے والے بڑے منافعے پر ٹیکس سے ملے گا، سرکاری سکولوں میں ہزاروں نئے اساتذہ کو تنخواہ دینے کے لیے نجی سکولوں پر ٹیکس لگانا۔ علاج کے لیے انتظار کے وقت میں کمی لانا ، ماحول دوست توانائی میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لئے گریٹ برٹش انرجی کے نام سے ایک نئی سرکاری کمپنی بنانا، معیشت سے لے کر امیگریشن اور قومی سلامتی تک ہر معاملے میں سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔برطانیہ اینڈ ویلز کے سابق چیف پراسیکیوٹر 61 سالہ وکیل کیئر سٹارمر برطانیہ کے اگلے وزیر اعظم بننے کے لیے فیورٹ ہیں۔ اعتدال پسند اور عمل پر یقین رکھنے والے سٹامر نے اپنی پارٹی کو سابق رہنما جیریمی کوربن کی زیادہ کھلی سوشلسٹ پالیسیوں سے دور رکھنے اور اندرونی اختلافات کو ختم کرنے کے لیے سخت محنت کی ہے۔
واپس کریں