دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مظفرآباد میں مہاجرین1989.90کے لئے 750 پختہ مکانات کی تعمیر کے منصوبہ کا سنگ بنیاد،کشمیریوں کی کئی نسلیں قابض بھارتی افواج کے مظالم برداشت کر چکی ہیں۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی) 09 جولائی 2024۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے 1989.90 کے مہاجرین کے لئے 750 پختہ مکانات کی تعمیر کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھ دیا. سنگ بنیاد مہاجرین کے نمائندہ نے رکھا. منصوبے پر 3096.050 ملین روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ دو سال میں مکمل ہوگا.
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے مہاجرین کے لئے 750 پختہ مکانات کی تعمیر کے منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کو کشمیری عوام نے کبھی تسلیم نہیں کیا اور نہ ہی کشمیری کبھی ہندوستان کے ظلم وجبر کے سامنے جھکیں گے . انشااللہ پوری ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے مشن کو مکمل کیا جائے گا ۔ تمام بھارتی ظلم وستم کشمیریوں کو ان کے جائز مقصد سے باز رکھنے میں ناکام رہے. کشمیریوں کی کئی نسلیں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں ان گنت مظالم برداشت کر چکی ہیں اور انہوں نے بے مثال اور ناقابل تصور قربانیاں دی ہیں. آج کا دن میں مہاجرین کشمیر کے نام کرتا ہوں. ان خاندانوں کے نام کرتا ہوں جنھوں نے اپنے گھر اجڑتے دیکھے. یہ دن آپ مہاجرین کے نام کرتا ہوں جنہوں نے اپنا گھر بار چھوڑ کر ہجرت کی. مہاجرین کی مستقل آبادکاری اولین ترجیح ہے. مہاجرین ہمارے بھائی ہیں. مہاجرین کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے. وفاقی حکومت کے ساتھ ملکر حکومت آزادکشمیر مہاجرین کی آبادکاری کے لئے تمام وسائل بروئے لائے گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھارتی جبر کا مقابلہ کرنے کی جرت پر سلام پیش کرتے ہیں اور ہماری حمایت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہندوستان کے غاصبانہ قبضے سے کشمیریوں کی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو جاتا.میں اس موقع پر حکومت پاکستان اور اس کار خیر میں شامل اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنے کشمیری بھائیوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے 750 مکانات کی تعمیر کا اعلان کیا اور فنڈز مہیا کئے. وزیراعظم نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہ مہاجرین جموں و کشمیر کی آبادکاری کی پہلی کڑی ہے. انشا اللہ بہت جلد حکومت پاکستان کے ساتھ ملکر باقی ماندہ خاندانوں کی مرحلہ وار بحالی اور باعزت روزگار کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی. انہوں نے کہا کہ مکمل بحالی کا عمل پورا نہیں ہو جاتا حکومت آزادکشمیر آپ کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور مہاجرین بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی.اس موقع پر مہاجرین جموں و کشمیر نے پاکستان زندہ باد ،افواج پاکستان زندہ باد اور وزیراعظم آزادکشمیر زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
. تقریب سے وزیر بحالیات آزادکشمیر جاوید اقبال بڈھانوی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا. اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر کرنل(ر) وقار احمد نور,راجہ فیصل ممتاز راٹھور ، چوہدری محمد رشید, راجہ محمد صدیق خان, چوہدری اظہر صادق, سردار میر اکبر خان,ملک ظفر اقبال, محترمہ تقدیس گیلانی, چیف سیکرٹری داد محمد بڑیچ, انسپکٹر جنرل پولیس, سیکرٹری مالیات, سیکرٹری صاحبان حکومت, سربراہان محکمہ جات اور مہاجرین کی کثیر تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی. تقریب سے خطاب میںوزیر بحالیات جاوید اقبا بڈھانوی نے کہا کہ مہاجرین کی آبادکاری کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہاجرین کو صحت کی سہولیات، تعلیم سمیت زندگی کی تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ وزیر بحالیات نے کہا کہ مہاجرین ہمارے بھائی ہیں ان کی آبادکاری کے لئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

واپس کریں