دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک تکمیل پاکستان کا سفر نامکمل ہے۔چودھری لطیف اکبر قائمقام صدر آزاد کشمیر
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)مورخہ 14اگست2024۔قائمقام صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ امسال پاکستان، آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری 77ویں یوم آزادی پاکستان کو بھرپور جوش و خروش سے منا رہے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی کشمیری یوم آزادی پاکستان کو کچھ ظاہری طور پر اور کچھ خاموشی کے ساتھ پاکستانی پرچم کو لہراتے ہوئے منا رہے ہیں اور ان کی منزل پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے قیام سے لے کر آج تک ہندوستان پاکستان کے خلاف سازشیں کرتا آ رہا ہے۔ کئی جنگیں پاکستان پر مسلط کیں مگر ہندوستان کو منہ کی کھانی پڑی جس پر میں پاکستان کے عوام اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ہر مرحلے پر دشمن کے حملوں کو ناکام بنایا۔ ہندوستان حالیہ مودی حکومت کے آنے کے بعد زوال کی طرف گامزن ہے۔ حالیہ انتخابات میں دو تہائی اکثریت کی دعویدار مودی حکومت سادہ اکثریت لینے میں ناکام رہی اور اتحادیوں کی بیساکھیوں پر کھڑی ہے۔ آئندہ الیکشن میں مودی نظر نہیں آئیں گے۔ آج کے دن ہم اپنے اسلاف جن کی بدولت آج ہم آزادی سے زندگیاں بسر کر رہے ہیں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک تکمیل پاکستان کا سفر نامکمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 77ویں یوم آزادی پاکستان کے موقع پر دارلحکومت مظفرآباد مظفرآباد میں منعقدہ مرکزی تقریب میں پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ آج ہم اس عزم کا اظہار کرتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی تک آزادی کی اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ مودی کے ہندوستان میں اقلیتوں کو کوئی حقوق حاصل نہیں ہیں۔ بھارت میں اقلیتوں کشمیری، سکھ اور دلت آزادی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ہندوستان میں اقلیتوں کو حقوق حاصل نہیں ہیں۔ہندوستان میں عیسائی، سکھ اور دلت و دیگر اقلیتی بھی مودی کی ہندوتوا پالیسیوں سے نالاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اقلیتوں پر مظالم اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ہندو توسیعانہ منصوبوں کی بدولت ہندوستان زوال پذیر ہو رہا ہے۔ بھارت میں حالیہ انتخابی نتائج نے بھی مودی کے توسیع پسندانہ عزائم کی نفی کی ہے۔ کشمیریوں کے دلوں میں پاکستان کیلئے ہمیشہ عقیدت رہی ہے۔ آج بھی پاکستان کشمیریوں کی امنگوں اور امیدوں کا محور ہے اور ہندوستان میں شہید ہونے والے کشمیریوں کو پاکستانی پرچم میں دفن کیا جاتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی مدد کی ہے۔ سیلاب ہو یا زلزلہ ہو یا حالیہ بجلی آٹے کا بحران پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی مدد کی ہے جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لیے کشمیری حریت قیادت اور نوجوانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے مگر کشمیریوں نے پہلے بھی تحریک آزادی کشمیر کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور اب بھی بھارت کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اور حکومت پاکستان مل کر ایک لائحہ عمل طے کریں جس سے کشمیر کی آزادی اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو سہارا مل سکے۔ قائمقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی سازشوں کے ساتھ اندرونی سازشوں کا بھی سامنہ ہے۔ پاک فوج نے ان تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور ہم سب نے مل کر ان سازشوں کو ختم کرنا ہو گا۔
واپس کریں