دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
کوٹلی میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا قیام،ڈائریکٹر جنرل SCO میجر جنرل عمر احمد شاہ نے افتتاح کیا
No image کوٹلی (کشیر رپورٹ) آزادکشمیر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی کے لیے سپیشل کمیونیکشنز آرگنائزیشن SCO کا ایک اور مثالی قدم ، ڈائریکٹر جنرل ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے آزادکشمیر کے شہر کوٹلی میں دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کردیا۔ انہوں نے لائن آف کنٹرول کے علاقہ تتہ پانی کونیاں میں فری لانسنگ حب کا بھی افتتاح کیا ۔ میرپور مظفرآباد اور پونچھ کے بعد یہ چوتھا سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک ہے جس سے نوجوانوں کی بڑی تعداد مستفید ہورہی ہے۔ اس موقع پر منعقد کی گئی پروقار تقریب میں وائس چانسلر کوٹلی یونیورسٹی سیکٹر کمانڈر ایس سی او آزادکشمیر اعلی سول و فوجی حکام آئی ٹی پروفیشنلز سول سوسائٹی اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ ایس سی او کے زیر انتظام جدید سہولیات سے آراستہ سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارکس کے ذریعے آئی ٹی کے ہونہار طلبا و طالبات اور نوجوانوں کو تیز ترین انٹرنیٹ،کمپیوٹرز اور آئی ٹی سے متعلقہ سہولیات پہلے سے مہیا کی جا چکی ہیں۔ کوٹلی کے ساتھ ساتھ بھمبر اور باغ میں بھی اس نوعیت کے پارکس مکمل کیے جا چکے ہیں۔ ڈی جی ایس سی او SCO کو پارک میں موجود سہولیات پارک کی تکمیل کے مراحل اور دیگر امور پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ اس پارک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی میں ترقی کے ساتھ ساتھ یہاں سے تیار ہونے والے سافٹ ویئرز کو بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی ملیں گی۔
اس موقع پر ڈی جی ایس سی او میجر جنرل عمر احمد شاہ نے سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مختصر وقت میں چار سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارکس کی تکمیل پر ایس سی او آزادکشمیر کے حکام کی محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے اس نوعیت کے مزید پارکس اور حب قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ڈی جی ایس سی او نے اس موقع پر کہا کہ چیف اف آرمی سٹاف کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 40 سے زائد سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک اور فری لانسنگ حب قائم کیے جا چکے ہیں جس سے نہ صرف یہاں کے نوجوانوں کو ائی ٹی کے شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا موقع ملے گا بلکہ جب وہ بیرون ممالک تک رسائی حاصل کریں گے تو پاکستان کی معیشت کو زر مبادلہ کی صورت میں فائدہ ہوگا ۔ان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ازاد کشمیر میں بڑی انڈسٹری کے طور پر پروان چڑھ رہی ہے جس کا فائدہ یہاں کے نوجوانوں اور ان کے خاندان کو ہوگا ڈی جی ایس سی او نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان صلاحیت کے اعتبار سے دنیا کے کسی دوسرے ملک کے نوجوانوں سے کم نہیں۔ جہاں تک مواقع کی بات ہے تو وہ ایس سی او نے مہیا کر دیے ہیں، اب یہ آزادکشمیر کے نوجوانوں پر منحصر ہے کہ وہ ان سہولیات سیزیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس اہم منصوبے سے آزاد جموں و کشمیر میں نہ صرف بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی بلکہ نوجوانوں کو اقتصادی طور پر بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اہم پیش رفت ممکن ہو سکے گی۔انھوں نے کہا کہ ایس سی او کی کوشش ہے کہ فری لانسرز،کاروباری اور پیشہ ور صلاحیتوں کے حامل افراد کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے تاکہ یہ علاقہ آئی ٹی کے میدان میں نمایاں ترقی کر سکے۔ تقریب کے شرکاء نے جن میں ریسرچرز اور آئی ٹی پروفیشنلز بھی شامل تھے۔ ایس سی او کی خدمات اور آئی ٹی کی ترقی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان اقدامات کو آزادکشمیر کی معاشی اور اقتصادی ترقی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا۔


واپس کریں