دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
آزاد کشمیر کے نظام کو مضبوط بنانے اور مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے کے لئے نوجوانوں کا کردار اہم ہے، وزیر اعظم چودھری انوا رالحق
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)03/ستمبر 2024۔وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت جموں وکشمیر لبریشن سیل بورڈ اجلاس وزیراعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران بورڈ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر داد محمد بڑیچ، پرنسپل سیکرٹری ظفر محمود خان، سیکرٹری مالیات اسلام زیب، سیکرٹری کشمیر کاز، آرٹس اینڈ لینگویجز وجاہت رشید بیگ, سیکرٹری قانون, سیکرٹری سپورٹس محترمہ تہذیب النسا اور ڈائریکٹر انتظامیہ جموں و کشمیر لبریشن سیل نے شرکت کی۔ بورڈ نے جموں وکشمیر لبریشن سیل کے ضمنی بجٹ مالی سال 24-2023اور تخمینہ بجٹ مالی سال 25-2024 کی منظوری دے دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ہمیں مسئلہ کشمیر پر فوکس کرنا ہے، آزادکشمیر کے نوجوانوں کو مسئلہ کشمیر کے حوالے سیشعور کی آگاہی کے لئے ورکشاپس کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ یونیورسٹی سطح پر طلبا و طالبات کے لئے سیمینار منعقد کریں تاکہ وہ اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں،کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام انٹرن شپ پروگرام کا انعقاد خوش آئند ہے اور اس میں توسیع کی جائے۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کے لیے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے بھرپور مہم چلائی جائے۔ پاکستان کے ساتھ ہمارا رشتہ نظریہ اور عقیدہ کا ہے اس رشتہ کو مضبوط بنایا جائے۔
وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام انٹرن شپ پروگرام سے فارغ ہونے والے طلباوطالبات کو سرٹیفکیٹس دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہیں اور ہماری طاقت ہیں، آزادکشمیر کا نوجوان باشعور ہے،ریاست کے نظام کو مضبوط بنانے اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے طلبا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے،ہمارے نوجوان ریاست کے معمار ہیں،آگے جا کر آپ لوگوں نے ریاست کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ ریاست میں پبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کو فعال کر دیا ہے. اب تمام تقرریاں میرٹ پر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر سے سفارشی کلچر کا خاتمہ کر دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں شخصی اور جمہوری آزادیاں زندہ ہیں, انہوں نے کہا کہ رائیٹ ٹو انفارمیشن اورای گورنینس کا نظام لا رہے ہیں تاکہ ایک عام شہری کو معلومات تک رسائی حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی تعمیر و ترقی اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے نوجوان اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ یونیورسٹی سطح کے طالب علموں کو وزارتوں میں وزرا کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں شہری آزادیاں سلب کی ہوئی ہیں، اس کی نسبت آزادکشمیر میں شہری آزادیاں ہر شخص کو حاصل ہیں۔ آخر میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے طلبا و طالبات میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور, وزرا حکومت چوہدری اظہر صادق,پیر مظہر سعید شاہ, عبدالماجد خان, چوہدری اکبر ابراہیم, ملک ظفر اقبال, سیکرٹری صاحبان حکومت اور یونیورسٹی کے طلبا و طالبات موجود تھے۔

واپس کریں