دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں پر پابندی کے بھارتی اقدا م کی مذمت، بھارت جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔پاکستان کا مطالبہ
No image اسلام آباد۔12ستمبر( کشیر رپورٹ) پاکستان نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی متعدد سیاسی جماعتوں پر پابندی کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت سیاسی جماعتوں پر پابندی لگاتے ہوئے کشمیری عوام کی رائے کو دبانے کی کوشش کر رہا ہے اور متعدد کالے قوانین کو کشمیری عوام کے خلافجبر کے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعتوں پر پابندی ہٹائی جائے، مقبوضہ کشمیر کے سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو رہا کیا جائے اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے کشمیری عوام کے حقوق کی وکالت کرنے والی متعدد سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کے بھارتی فیصلے کو برقرار رکھنے کے حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کرتا ہے، بھارتی حکومت کی جانب سے مقامی سیاسی جماعتوں پر پابندی کشمیری عوام کو محکوم بنانے، اختلاف رائے کو دبانے اور بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر پر اپنے قبضے کو مستحکم کرنے کے لیے بھارت کی بے لگام مہم کا حصہ ہے۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حقوق کی وکالت کرنے والی جماعتوں کو غیر قانونی سرگرمیوں کی (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت خاموش کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون کشمیری عوام پر جبر کے ایک ہتھیار کے طور پر تیزی سے استعمال ہو رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ان کارروائیوں کو قانونی حیثیت دینے میں بھارتی عدلیہ کا کردار جموں و کشمیر میں جائز سیاسی آوازوں کو دبانے کی منظوری دینے والے حالیہ فیصلوں کے بعد سامنے آیا ہے، گزشتہ سال بھارتی سپریم کورٹ نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں 2019 کی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائیوں کو برقرار رکھا تھا۔ترجمان نے بھارت پر زور دیا کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں پر پابندی ہٹائے جو مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طور پر کالعدم قرار دی گئی ہیں، کشمیری عوام کے حقوق اور آزادیوں کا احترام کرے، تمام سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کو رہا اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔

واپس کریں