دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
عبوری آئین کی دفعہ 505 میں کہیں نہیں لکھاکہ حکومت پر تنقید جرم ہے ، سچائی پر قدغن نہیں لگاسکتے۔ وزیر اطلاعات پیر مظہر شاہ کی پریس کانفرنس
No image مظفرآباد ( پی آئی ڈی)23ستمبر2024۔آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ سچائی پر مبنء تنقید کو کھلے دل سے قبول کرتے ہیں ، جو معاشرے تنقید قبول کر کے اصلاح کرتے ہیں وہ ترقی کی منازل طے کرتے ہیں ، حکومت اقدامات کے ثمرات سب کے سامنے ہیں۔ آزادجموں وکشمیر کے عبوری آئین کی دفعہ 505 میں کہیں نہیں لکھاکہ حکومت پر تنقید جرم ہے ، سچائی پر قدغن نہیں لگاسکتے، صرف جھوٹ کے ذریعے معاشرے میں نفرت اور انتشار کو پھیلنے سے روکنے کے لیے اس دفعہ میں وضاحت کی گئی ہے ۔میڈیا کسی بھی حکومتی ادارے میں کوئی کرپشن یا بدعنوانی دیکھے تو نشاندہی کرے ، المیہ ہے کہ منفی چیز خبر ہے لیکن مثبت چیز خبر نہیں ۔آزاد پتن سے چوکر لیکر جانیوالے ٹرک کو آٹا دکھا کر سوشل میڈیا پر واویلا کیاگیا ۔سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے خلاف جھوٹ پھیلایاگیا ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے ڈھونگ انتخابات کو رد کر دیا ہے ، بھارتی حکمرانوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ کشمیریوں کی جدوجہد سے ثابت ہو چکا کہ 35اے اور370ماضی کا حصہ نہیں ، اگربھارتی مکروہ عزائم نہ رکے تو ہندوستان کا نقشہ بھی بدلے گا۔ سوشل پروٹیکشن ویلفئیر پروگرام کے تحت 1لاکھ19ہزار318درخواستیں جمع ہو چکی ہیں ، اس پروگرام کیلئے کسی سے بھی کسی قسم کوئی فیس وصول نہیں کی گئی ۔ کسی کو بھی ملازمت سے فارغ نہیں کررہے ، ایڈھاک ملازمین بارے سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق کمیٹی بن چکی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی ڈی کمپلیکس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات و جنگلات انصریعقوب خان اور ناظم اطلاعات محمد بشیر مرزا بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہاکہ حکومت نے موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونیوالے علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز دیے گئے ہیں ،وزیراعظم آزادکشمیر نے اپنے صوابدیدی اختیارات اور آسامیوں کو ختم کرکے مثال قائم کی ۔ این ٹی ایس کے ذریعے تین ہزار نوجوانوں کوخالصتا انکی اہلیت صلاحیت کی بنیادٹیچر بھرتی کیا گیا ۔ پی ایس سی کے ذریعے غریب والدین کے بچے اعلی آسامیوں پر تعینات ہوئے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے مشکلات کے باوجود سرکاری دفاتر تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں میں بائیو میٹرک حاضری سسٹم کا نفاذ کیا گیا ،بائیومیٹرک کی وجہ سے حاضری کی شرح 90 فیصد تک ہو چکی ہے ، سرکاری ملازمین سے بہتر انداز میں کام لینے کے لیے سرپلس پول کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ا ی ٹینڈ رنگ کا نفاذ کر نے کی وجہ سے 3 ارب روپے کی بچت کی گئی۔احتساب بیورو کو مکمل فعال بنایا گیا ۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے مختلف اضلاع کے دوروں کے دوران لوگوں کے مسائل سنے اور موقع پرانکے حل کیلیے احکامات دیے ۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ وقافی حکومت کی جانب سے ملنے والے ترقیاتی فنڈز کا سوفیصد تصرف یقینی بنایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دباو کے باوجود حکومت نے 200 سے زائد سرکاری گاڑیاں ضبط کیں جو کہ بدوں استحقاق افراد اور کچھ سابق لینٹ افسران استعمال کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ کئی سالوں سے زیر التوا کٹھوعہ ہریام پل کی تعمیل کیلئے دوبارہ حکمت عملی مرتب کی گئی ہے، جاگراں ہائیڈرو پراجیکٹ فیز فور سمیت دیگر زیر التوا منصوبوں پر کام شروع کیا گیا ہے ۔وفاقی حکومت نے رٹھوعہ ہریام پل اور دیگر منصوبوں کے لیے فنڈز بھی مختص کر دیے ہیں ۔ کشمیر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہر حلقہ میں تیس کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر کا عمل جاری ہے ۔ عوام کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق اشیائے خوردنوش کی فراہمی کیلئے محکمہ خوراک میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی گئی ہیں اور فوڈ اتھارٹی کو فعال بنایا گیا ہے ۔ صحت کی سہولیات کی بہتری کیلئے محکمہ صحت کا بجٹ دو گنا کرنے کے ساتھ ساتھ کے تمام اضلاع میں ایمبولینسز،سی ٹی اسکین اور جان بچانے والی ادویات کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔ محکمہ صحت عامہ اور محکمہ تعلیم میں بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کروائی گئیں ۔انہوں نے کہاکہ سوشل انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کو فنڈز فراہم کیے گئے ہیں ، فنی تعلیم کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئیہیں ۔ آزاد جموں و کشمیر پولیس کے بنیادی ڈھانچے، استعداد، افرادی قوت میں اضافے سمیت تفتیش کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں ۔ پولیس میں ایک ہزار نئی آسامیاں تخلیق کی جارہی ہیں ۔ میڈیا کے سوالوں پر سیکرٹری جنگلات و اطلاعات انصر یعقوب خان نے کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ محکمہ جنگلات کے زیر انتظام ڈمپ شدہ لکڑی کے انراخ کوبڑھا کر مارکیٹ کے ریٹ کے مساوی کر کے فروخت کیا جائے۔ حکومت لکڑی کو نیلامی کے بجائے ٹینڈرنگ کے ذریعے فروخت کرنا چاہتی ہے اس حوالے سے تمام ضروری لوازمات کو پورا کیا جارہا ہے ۔
واپس کریں