دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند نہ ہوئے تو خونی لائن عبور کر کے اپنی بہن بھائیوں کی حفاظت کریں گے۔وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوار
No image منگ /سدھنوتی (پی آئی ڈی)30 ستمبر۔وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ منگ کی مردم خیز دھرتی کے شہدا نے جانوں کے نذرانے دے کر خطہ آزاد کروایا اور الحاق پاکستان کا نظریہ دیا جس کی آبیاری کرتے رہیں گے ۔ روشن پاکستان ہی تحریک تکمیل پاکستان کی ضمانت ہے ۔ جہاں مضبوط فوج نہیں ہوتی وہاں کے معاشی طور پر طاقت ور ممالک بھی تباہ ہو جاتے ہیں ۔ پاکستان عالم اسلام کے لیے ایک امید ہے۔ ہندوستان 10 لاکھ فوج کی نگرانی میں مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ انتخابات کروا رہا ہے جن کو مسترد کرتے ہیں ۔ تقسیم کشمیر کی کسی میں جرآت نہیں مودی نے اگر مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند نہ کیے تو اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے خونی لائن عبور کر کے اپنی بہن بھائیوں کی حفاظت کریں گے۔ اکابرین کا دیا ہوئے نظام کو برباد نہیں ہونے دیں گے تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں کہ آئیں مل کر ریاست اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں ۔
پونچھ کے لیے تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان جلد کروں گا ۔ پیسے دینے والے سمجھتے ہیں کہ ہم ایک ایک روپیہ لوگوں کی فلاح و بہبود پر لگا رہے ہیں ۔منگ کی دھرتی پر آنا اور سلام پیش کرنے کی خواہش تھی یہاں کی پسماندگی کو دور کروں گا۔ منگ ٹاون کمیٹی ، سول جج عدالت کا قیام، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں عملہ کی کمی کو دور کرنے، گائناکالوجسٹ کی تعیناتی ، تعلیمی اداروں اور صحت کے مراکز کی اپگرڈیشن ، منگ شہر میں سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کا اعلان کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے منگ کے مقام پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہشہیدوں غازیوں کی دھرتی ہے جہاں سیاسی شعور پختہ ہے۔ تعمیر و ترقی کے لیے حکومت کو کام کرنے کا موقع دینا یہاں کی ممتاز بات ہے ۔روشن پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی ضمانت ہے ۔معاشرے میں ناامیدی ہو تو نوجوان انتشار کا شکار ہو جاتے ہیں ۔پچھلے 77 سال میں اس علاقہ کی پسماندگی دور ہوسکی نہ ہی عوامی نمائندگی کا حق ادا ہو سکا،اپنا ٹبر نہ پالتے تو سپاس نامہ کم ہو جاتے ۔جھوٹے اعلانات سے لوگ محظوظ تو ہوتے ہیں پر عوامی مسائل حل نہیں ہوتے۔ جس کا اعلان کروں گا وہ کام انشا اللہ ہوتے ہوئے نظر آئیں گے ۔بلدیاتی نظام کے زریعہ سے ہی سیاست میں سامنے آیا ہوں۔ پیسے نہ ہونے کے باوجود لوگوں کی خدمت کا جذبہ تھا ۔ مظلوم کی حمایت میرا منشور رہا ہے۔ مقبوضہ کشمیر سے 10 لاکھ فوج کو نکالنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ آبا اجداد کی قربانیوں پر قائم نظام کو تباہ نہیں ہونے دیں گے ۔عوامی مطالبات کی نفی نہیں کر سکتا ۔ سستی بجلی اور سستا آٹا کی قیمت سالانہ 71 ارب روپے ہے۔ سستا آٹا بھینسوں کو تو نہ کھلایا جائے ۔نظام حکومت جو غازیوں شہدا کی بدولت ملا آوارگی کے ہاتھو یرغمال کیوں ہونے دیں؟تشخص کی بات ہو رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کا کوئی جھنڈا نہیں ۔شہری آزادی میسر نہیں ہے۔مسلمانوں کو اقلیت میں بدلہ جا رہا ہے، یہاں سستی بجلی اور سستا آٹا ملتا ہے ۔کچھ علاقوں میں لوگ، گردے بیچ کر کے اپنا گزارا کرتے ،بلا تفریق برادری ، علاقائی تصب سے بالا تر ہو کر فنڈز خرچ کر رہے ہیں ۔ریاستی وسائل میں کوئی تعصب نہیں برتا جائے گا۔مستحقین زکو قانون کا فائدہ پورے آزاد کشمیر میں ہو گا۔این ٹی ایس کی شفافیت کی سب گواہی دیتے ہیں ۔مافیاز کے خلاف کارروائی کی گئی توریاستی نظام کو لیپٹنے کی باتیں کی گئیں،عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام نہ کر سکا تو استعفی دے دوں گا۔ سیاسی حادثہ نہیں ہوں ۔بدیانیتی سے شدید نفرت ہے۔
صدر تقریب وزیر حکومت سردار محمد حسین ایڈووکیٹ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق لوگوں کی دلوں کی دھڑکن بن چکے ہیں ۔ وزیر اعظم لوگوں کی خدمت کا مشن لے کر نکلے ہیں، وزیر اعظم نے غیر ضروری اخراجات کو ختم کر کے لوگوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر آعظم آزاد کشمیر کرپشن کو جڑ سے خاتمے کا عزم رکھتے ہیں ۔اس موقع پروزرا حکومت ملک ظفر اقبال ، سردار عامر الطاف بھی موجود تھے۔جمیعت علمائے اسلام آزاد کشمیر کے چیئرمین مولانا سعید یوسف خان نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کو منگ کے لوگوں نے تمام سیاسی جماعتوں کی وابستگی سے بالا تر ہو کر خوش آمدید کہا ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر سے عوام کی محبت اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ واقعی میں لوگوں کے دلوں میں رہتے ہیں ۔ وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے ریاست کو کرپشن سے پاک کرنے کی کوششیں کی ہماری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس دھرتی کے ہمارے اسلاف نے ڈوگرو سامراج کے خلاف اعلان بغاوت کیا تھا۔اس ریاست کے تشخص اور نظریہ پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔یہاں کے رہنے والے اس دھرتی کے جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں ۔ کوئی ازم قابل قبول نہیں صرف اسلام ہی ایسا نظریہ ہے جو ہماری بقا کی ضمانت دیتا ہے۔ہمارے آئیں میں درج ہے کہ قرآن و حدیث کے مغائر کوئی قانون نہیں بنائے جا سکتے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار گلنواز خالق ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا منگ آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔جلسہ عام سے محترمہ شہناز ،ممبر ضلع کونسل سردار شوکت علی خان، سردار افتخار ، سردار زوالفقار ، پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار مقبول ، مسلم لیگ ن کے رہنما سردار شبیر، ممبر ضلع کونسل سردار ممتاز ،چئیر مین یونین کونسل منگ سردار طاہر حمید، سردار وحید صدر انجمن تاجران ، وائس چیئرمین پتن شیر خان سردار سرفراز ، سردار جاوید اقبال چیئرمین یونین کونسل پتن شیر خان نے بھی خطاب کیا ۔

واپس کریں