دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
صحافی قلم کی حرمت کا خیال رکھیں ، عوامی ایکشن کمیٹی نامی سیاسی جماعت کو خوش آمدید کہیں گے۔ AKNSکی تقریب حلف برداری سے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا خطاب
No image اسلام آباد(پی آئی ڈی)03/ستمبر2024۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ لازوال رشتہ ہے جو لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ کی بنیاد پر قائم ہے اور جو نہ ختم ہونے والا رشتہ ہے ، ریاست کے آئینی نظام کو خطرے میں ڈالنے اور پاکستان کے ساتھ رشتہ کو کمزور کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی. نظریہ پاکستان شرط اول ہے. مطالبات شہریوں کا حق ہے اور جائز مطالبات پورا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن انارکی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جب تک قلم میں اختیار ہے ایک ہی مشن ہے مخلوق خدا کی بھلائی کے لئے کام کرنا ہے. سچ بولنے والی آواز توانا رہنی چاہیے یہ کئی احتساب بیورو سے آگے ہے. صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت تمام وسائل مہیا کرے گی.مثبت تنقید ضرور کریں. صحافی قلم کی حرمت کا خیال رکھیں ، اے کے این ایس کے پلیٹ فارم سے ایک ڈسپلنری کمیٹی بنائیں جو کام کرے. خبریت کے نام پر شہریوں کی عزت و وقار کے ساتھ کھلواڑ نہیں کر سکتے. جموں وکشمیر عوامی ایکشن کمیٹی کے نام سے سیاسی جماعت بنائیں، خوش آمدید کہیں گے، اگر عوامی حقوق کے تحفظ کا شوق ہے تو عوامی قیادت کے ذریعے آئیں کوئی اور طریقہ نہیں ہے۔وزیراعظم کا اے کے این ایس کے لئے 20 لاکھ روپے کا اعلان.ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حلف برداری کی تقریب جموں وکشمیر ہائوس میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزرا حکومت فیصل ممتاز راٹھور، چوہدری محمد اخلاق، پیر مظہر سعید شاہ، محمد اکمل سرگالہ، چوہدری اظہر صادق، دیوان علی خان چغتائی، عبدالماجد خان، سردار عامر الطاف خان، جاوید بٹ، چوہدری اکبر ابراہیم، محترمہ امتیاز نسیم اور صحافیوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ تقریب سے صدر اے کے این ایس امجد چوہدری، جنرل سیکرٹری راجہ امجد، سینئر صحافی سردار ذوالفقار اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں میرٹ کو 100 فیصد یقینی بنایا جائے گا اور یہاں سے فرسودہ نظام کا خاتمہ اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ عام شہری کو ریاستی مشینری پر اعتماد بحال کرنا ہے. انہوں نے کہا کہ رواں ماہ اکتوبر کا آخری عشرہ, عشرہ تاسیس کے طور پر منایا جائے گا. عشرہ تاسیس کے موقع پر سیمینارز, سکولوں اور کالجوں میں تقریری مقابلے اور تقریبات منعقد کی جائیں گی ، زیراعظم نے کہا کہ پی ایس سی اور این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر تعیناتیاں ہو رہی ہیں. کسی جگہ بھی شکایت نہیں ہوئی. انہوں نے کہا کہ رٹھوعہ ہریام پل, جاگراں ہائیڈل پاور پراجیکٹ اور آٹ آف چلڈرن پراجیکٹ پر کام شروع ہو رہا ہے. انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست کے نوجوانوں کی امیدوں کو بحال کرنا ہے ، وقت آگیا ہے کہ ہم سب کو سوچنا ہوگا کہ ریاست کو کس طرف لے کر جانا ہے. وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ اگر فکر اور سوچ یہ ہے کہ آئین اور ریاستی نظام کو سبوتاژ کرکے پاکستان کی نفرت کے بیج بوئیں اور امن و امان متاثر کیا جائے اور پاکستان سے رشتہ کمزور کیا جائے تو پھر ریاست اپنا کام کرے گی. وزیراعظم نے کہا کہ اخبارات کے بقایاجات کو ترجیحی بنیادوں پر ادائیگی کے اقدامات کریں گے. وزیراعظم نے کہا کہ اللہ تعالی ہمیں تحریک آزادی کشمیر سے جڑا رہنے اور تحریک تکمیل پاکستان کی منزل کو حاصل کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔
واپس کریں