دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چودھری لطیف اکبر سے پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے وفد کی ملاقات
No image مظفرآباد(پی آئی ڈی)07 نومبر2024 ۔سپیکر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر سے چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون کی سربراہی میں کشمیر کمیٹی کے وفد کی ملاقات۔ کشمیر کمیٹی کے ممبران ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، فتح اللہ خان، وجہیہ قمر اور سیدجاوید علی شاہ جیلانی شامل تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کشمیر کمیٹی کے ممبران کے وفد کا آزادکشمیر کا دورہ خوش آئند ہے۔ کشمیر کمیٹی کے ممبران سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مسئلہ کشمیر کے لیے کام کریں اور کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر اسمبلی کے ممبران کا پینل کشمیر کمیٹی کو بھیجیں گے جن کو کشمیر کمیٹی اپنے اجلاس میں بلائے تاکہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مشترکہ اور جامعہ حکمت عملی کے ساتھ کام کیا جا سکے۔ سپیکر نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشتگردی کے ذریعہ کشمیریوں کی آواز دبانا چاہتا ہے۔ آرٹیکل 370 اور 35 اے کے خاتمہ کے بعد مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی گئی ہے اور اب ایک منظم سازش کے ذریعے ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے لیے غیر ریاستی باشندوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے بی۔جے۔پی کی حکومت کے انتہاپسندانہ اقدامات کیوجہ سے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں اسے مسترد کر دیا ہے۔ نیشنل کانگریس نے انتخابات میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنے کا وعدہ کیا جسکی وجہ سے اسے مقبوضہ کشمیر کے انتخابات میں کامیابی ملی۔ اب نیشنل کانگرس نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کی قرارداد ریاستی اسمبلی سے منظور کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا کہ آزادکشمیر کے تینوں ڈویژن سے ایک ایک اسمبلی ممبر کو کشمیر کمیٹی کے ہر اجلاس میں مدعو کریں گے۔ سپیکر اسمبلی ممبران کے نام کشمیر کمیٹی کو ارسال کریں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سمیت تمام صوبائی اسمبلیوں میں کشمیر کی موجودہ صورت کے حوالہ سے قراردادیں منظور کی گئی ہیں۔ آزادکشمیر اسمبلی بھی اس حوالہ سے ایک تازہ قرارداد منظور کروائے اور کشمیر کمیٹی کو بھیجے تاکہ اس پر عملدرآمد کے لیے مشترکہ کاوش کی جا سکے۔ کشمیر کمیٹی آزادکشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ایک جامع لائحہ عمل تیار کرنا چاہتی ہے تاکہ موجودہ حالات کے تناظر میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے ممبران فتح اللہ خان، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، وجہیہ قمر اور سید جاوید علی شاہ جیلانی نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان کا رشتہ لازوال ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔ مسئلہ کشمیر کے لیے ہم آپ کے ساتھ یکجان ہو کر کشمیریوں کی آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر کاتفصیلی دورکیا، وزیر اعظم آزادکشمیر اور مہاجرین سے ملاقات کی اور لائن آف کنٹرول پر گئے اور صورتحال کا خود جائزہ لیا۔ پارلیمانی کشمیر کمیٹی نے اپنے بنیادی مقصد کے لیے بھرپور انداز میں کام کرنا ہے۔ کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کے ممبران شامل ہیں اور ہم سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کشمیر کاز کے لیے کام کر رہے ہیں۔ کمیٹی کے تمام ممبران آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ کشمیر کمیٹی ہر فورم پر آپ کی بھرپور نمائندگی کرے گی اور کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچائے گی۔ کشمیر کمیٹی جلد برطانیہ کا دورہ کریگی اور مسئلہ کشمیر کو برطانوی پارلیمنٹ میں اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے سائیڈ لائن میٹنگز میں کشمیر پر تمام ممالک سے بات ہوئی ہے اور ہم نے کشمیریوں کا موقف جاندار انداز میں پیش کیا ہے۔ تشکیل پاکستان سے تکمیل پاکستان تک کشمیریوں کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ کشمیر کمیٹی دنیا کو اصل حقائق دیکھانے کے لیے آپ کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ عالمی ضمیروں کو خھنجھوڑا جا سکے۔ اس موقع پر کشمیر کمیٹی کے ممبران نے آزادکشمیر وکشمیر قانون ساز اسمبلی ہال کا دورہ بھی کیا جبکہ سپیکر اسمبلی نے ممبران کو شیلڈ بھی دیں۔


واپس کریں