وادی نیلم کے بالائی علاقے گریس میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے 7رکنی میڈیکل ٹیم فوجی ہیلی کاپٹر پہ ہلمت روانہ
مظفر آباد ( کشیر رپورٹ)سات رکنی میڈیکل ایمرجنسی رسپانس ٹیم وادی نیلم کے بالائی علاقے ہلمت روانہ کی گئی ہے جو برفباری کے موسم میں دشوار گزار علاقے وادی گریس کے عوام کے لئے طبی سہولیات فراہم کرے گی۔ میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس ٹیم پاکستان آرمی کے تعاون سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ڈاکٹرز پر مشتمل ہے۔ ایمرجنسی ریسپانس میڈیکل ٹیم جمعرات کے روز علی الصبح مظفرآباد ائیرپورٹ سے بذریعہ آرمی ہیلی کاپٹر ہلمت روانہ ہوئی۔ میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس ٹیم پندرہ دن ہلمت میں میڈیکل کیمپ لگائے گی۔ دوسرے مرحلہ پر شاردہ، پھلوائی اور دیگر علاقوں کے لیے الگ ٹیمیں روانہ کی جائیں گی۔
کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر فاروق احمد اعوان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمران عباس نقوی اور ڈاکٹر واجد علی خان صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن آزادکشمیر نے میڈیکل ٹیم کو نیلم کے لیے روانہ کیا۔ سات رکنی میڈیکل ٹیم میں ڈاکٹر وقار اشرف بٹ چائلڈ سپیشلسٹ،ڈاکٹر ارشد راجہ ایڈیشن میڈیکل آفیسر، ڈاکٹر ساجد علی گورسی، ڈاکٹر طارق عبداللہ، ڈاکٹر صدف سرفراز ، ڈاکٹر رافعیہ کریم، ڈاکٹر حنا منور شامل ہیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن نے کہا کہ آئندہ دنوں میں دیگر علاقوں کے لیے بھی خصوصی میڈیکل ٹیمیں بھیجی جا رہی ہیں۔
واپس کریں