آزاد کشمیر میں تمام طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی کا مظفر آباد میں پہلے سمارٹ سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب
مظفرآباد( کشیر رپورٹ) وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نے کہا ہے کہ ہم آزاد جموں و کشمیر میں تمام طلبا کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ سمارٹ سکول پروجیکٹ مستقبل کی نسلوں کو تیزی سے پیچیدہ دنیا میں کامیابی کے لیے ضروری مہارتوں اور علم کے ساتھ بااختیار بنانے کے لیے ہماری لگن کا ثبوت ہے۔ تعلیم کی وفاقی وزارت اور یونیسکو آزاد جموں و کشمیر کے تعلیمی شعبے کی ترقی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے، اس بات کو یقینی بناتے ہوئے کہ تمام طلبا کو جامع، مساوی، اور معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔آزاد جموں و کشمیر میں پہلے سمارٹ سکول کا افتتاح تعلیم کے نئے دور کی نشاندہی کرتا ہے۔
وفاقی سیکرٹری تعلیم محی الدین وانی نے ہفتہ کو اپر چھتر مظفر آباد میں گرلز پرائمری سکول میں جدید سہولیات کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ آج ہم فخر کے ساتھ آزاد جموں و کشمیرمیں پہلے سمارٹ اسکول کا افتتاح کر رہے ہیں جو خطے کے تعلیمی شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ یہ جدید منصوبہ وزارت وفاقی تعلیم اور یونیسکو کے تعاون سے کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد آزاد جموں و کشمیر میں طلبا کے سیکھنے کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے جس میں سمارٹ اسکرین، آئی ٹی لیبز، گوگل کلاس روم انٹیگریشن اور دیگر جدید سہولیات شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسکول میں ایک نئی قائم کردہ ہیلتھ انفرمری بھی ہے، جو طلبا اور عملے کی فلاح و بہبود کو یقینی بناتی ہے۔مقامی کمیونٹی اور طلبا اپ گریڈ شدہ سہولیات سے بہت پرجوش ہیں، جو انہیں معیاری تعلیم اور جدید سیکھنے کے آلات تک رسائی فراہم کرے گی۔ یہ منصوبہ پورے آزاد جموں و کشمیر میں 40 سمارٹ سکول قائم کرنے کے ایک بڑے اقدام کا حصہ ہے جس کی تکمیل اگلے 2 ماہ میں متوقع ہے۔محی الدین وانی نے کہا کہ شعبہ تعلیم میں ٹیکنالوجی کے موثر انضمام کو یقینی بنانے کے لیے، اساتذہ تربیتی پروگراموں سے گزریں گے، جس سے وہ ان نئی سہولیات کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لا سکیں گے۔
واپس کریں