دل بعض و حسد سے رنجور نہ کر یہ نور خدا ہے اس سے بے نور نہ کر
عوامی فلاح اور تحریک آزادی کشمیر کا تعلق جماعتوں سے نہیں ،تحریک انصاف کے گورننس سسٹم سے اختلاف کی بنیاد پر فارورڈ بلاک بنا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری انوا رالحق
No image مظفر آباد (پی آئی ڈی)28/جنوری2025 ۔وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ بھارتی ایجنسیوں نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے رشتے کو کمزور کرنے کے لئے اربوں روپے کی انویسمنٹ کی ہے۔ پاکستان کے ساتھ کلمہ کی بنیاد پر اور آئین پاکستان کی رو سے بھی ایک رشتہ قائم ہے ، پاکستان نے ہمیشہ کشمیر یوں کی بین الاقوامی فورمز پر بھرپور وکالت کی ہے ۔ بھارت کا پاکستان پر مقبوضہ کشمیر میں مداخلت کا واویلا محض پروپیگنڈہ ہے ۔پاکستان کی قیادت نیوکلئیر پروگرام اور مسئلہ کشمیر پر کبھی سمجھوتا نہیں کرے گی ۔ یہ بیانیے کی جنگ کا دور ہے ۔ بھارتی ایجنسیوں نے آزادکشمیر میں بیانیے کی جنگ کو فروغ دینے کے لیے اربوں روپے کی انویسٹمنٹ کی ہے تا کہ آزادکشمیر اور پاکستان کے رشتہ کو کمزور کیا جاسکے ۔ ہمارے اسلاف نے اپنی جانیں الحاق پاکستان کے نظریہ کے لیے قربان کی ہیں ۔پاک فوج کے موجودہ سربراہ کے پہلے بیان نے 5 اگست 2019 کے بھارتی یکطرفہ اقدام کے بعد مسئلہ کشمیر پر چھائی دھند کو صاف کردیا۔ رٹھوعہ ہریام اور جاگراں پاور پراجیکٹ پر کام جاری ہے ۔ منصوبے جلد مکمل ہوں گے ۔ جس کی نیکی ہو اس کو کریڈٹ دینا چاہیے ، وزیراعظم پاکستان نے دانش سکول سائنس و ٹیکنالوجی سسٹم کا 3 ارب کا پراجیکٹ بھمبر میں میرٹ پر دیا ۔ یہ سٹیٹ آف دی آرٹ پراجیکٹ روشن مستقبل کی ضمانت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے جی ٹی وی نیوز کے پروگرام لائیو ود مجاہد میں اینکر پرسن مجاہد بریلوی سے گفتگو کے دوران کیا ۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا کہ عوامی فلاح اور تحریک آزادی کشمیر کا تعلق جماعتوں سے نہیں ہے ، یہ بلاتفریق خدمت کا عمل ہے۔اسلام آباد سے بیٹھ کر مظفر آباد میں حکومت اس لیے چلائی جاتی ہے کہ آزادکشمیر کی سیاسی جماعتیں وفاقی سیاسی جماعتوں کے چیپٹرز ہیں ۔ یہ ایک سیاسی عمل دخل ہے جس کے ذریعے انتخاب میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت کی مرکزی قیادت جیتنے والے امیدواروں کی اہم عہدوں پر نامزدگیوں کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کرتی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام کا ریاست پاکستان سے رشتہ کلمہ کی بنیاد پر قائم ہے ۔تحریک انصاف کے گورننس سسٹم سے اختلاف کی بنیاد پر فارورڈ بلاک بنا۔ ریکارڈ کی درستگی کے لیے کہنا چاہتا ہوں کہ میرا تعلق فارورڈ بلاک سے ہے ،عوام کے ٹیکسز کا پیسا عوام پر خرچ ہونا چاہیے ۔ میں بطور وزیراعظم اپنے عمل کا جوابدہ ہوں کسی دوسرے کے بارے میں رائے نہیں دے سکتا ۔ انھوں نے کہا کہ شہریوں کو یقین ہونا چاہیے کہ اگر اختیار رکھنے والے قلم کے استعمال میں خیانت نہ کریں تو شہریوں اور حکومت کے درمیان رشتہ مضبوط ہوتا ہے ۔ ہر شخص اپنے سیاسی نظریہ کو مدنظر رکھ کر فیصلہ کرنے کا حق رکھتا ہے ، اختیار خدا کی دین ہے ۔ اس کو مخلوق کی بھلائی کے لیے استعمال کرنا چاہیے ۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئینی طور پر بین الاقوامی قانون اس بات کی کشمیریوں کو اجازت دیتا ہے کہ کشمیری بھارت کے خلاف مسلح جدوجہد کریں ۔آزادی کے لیے جدوجہد کرنی پڑتی ہے ۔ آزادی لہو کی مرہون منت ہوتی ہے ۔ہر عمل کا ردعمل ہوتا ہے ، وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ سالوں کی محرومیوں کو لمحوں میں ختم نہیں کیا جاسکتا ۔ رٹھوعہ ہریام پل پر گزشتہ 17 سال سے بند کام کو موجودہ حکومت نے دوبارہ شروع کروایا ۔ نیلم جہلم ہائیڈل پاور پراجیکٹ منصوبے سے شہر کے ماحول پر پڑنے والے موسمی اثرات کو روکنے کے لیے وفاق کے ساتھ مل کر فوری اقدامات اٹھائے ۔ سستا آٹا اور بجلی پر سبسڈی کے لیے بھی اقدامات اٹھائے ہیں ۔

واپس کریں