مقبوضہ کشمیر، سابق بھارتی فوجی کی ہلاکت کے واقعہ کے بعد بھارتی فوج کا کولگام میں بڑا آپریشن، سینکڑوں افراد گرفتار، ایک فوجی اہلکار مزید ہلاک
سرینگر( مانیٹرنگ رپورٹ)مقبوضہ کشمیر کے جنوبی ضلع کولگام میں گزشتہ روز ایک سابق بھارتی فوجی کی ہلاکت کے بعد بھارتی فوج نے علاقے میں بڑا آپریشن کرتے ہوئے سینکڑوں افرادکو گرفتار کیا ہے ۔ جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں ایک سابق فوجی کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد ایک وسیع آپریشن شروع کیا گیا ہے۔فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف سمیت سیکورٹی فورسز نے حملہ آوروں کا سراغ لگانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں، گھر گھر تلاشی لی ہے ،گائوں اور ملحقہ علاقوں میں متعدد مقامی لوگوں کو گرفتاری اور تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ہے۔یہ حملہ پیر کی دیر شام اس وقت ہوا جب مسلح افراد نے بیہی باغ کے علاقے میں ایک سابق فوجی منظور احمد پر فائرنگ کی۔ اسے شدید چوٹیں آئیں اور اسے قریبی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ حملے میں ان کی اہلیہ اور بھتیجی بھی زخمی ہوئیں۔واقعے کے بعد پولیس اور فوج کے اعلی حکام صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔ علاقے کو فوری طور پر گھیرے میں لے لیا گیا، اور حملہ آوروں کو فرار ہونے سے روکنے کے لیے کمک تعینات کر دی گئی۔حملے کے جواب میں گاں اور آس پاس کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ سیکیورٹی اہلکار گھنے باغات، رہائشی علاقوں اور مشتبہ ٹھکانوں کی تلاشی لے رہے ہیں۔ حملہ آوروں کا سراغ لگانے میں مدد کے لیے ڈرون اور اسنفر ڈاگ بھی تعینات کیے گئے ہیں۔واقعہ کی تحقیقات اور ذمہ داروں کی شناخت کے لیے متعدد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ہم کئی افراد سے پوچھ گچھ کر رہے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تکنیکی شواہد کا تجزیہ کر رہے ہیں، ایک سینئر پولیس افسر نے میڈیا کو بتایاکہ گائوں اور ملحقہ بستیوں کے سینکڑوں لوگوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ انہیں شبہ ہے کہ حملہ آوروں کو مقامی رابطوں سے لاجسٹک مدد حاصل ہو سکتی ہے۔
دریں اثناء منگل کو جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں تعینات سی آر پی ایف کا ایک جوان دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہو گیا۔حکام کے مطابق۔ گجرات سے تعلق رکھنے والا اہ وشنو ، سی آر پی ایف E/37 ویں بٹالین، نے سینے میں شدید درد کی شکایت کی، اسے قریبی ہسپتال ریفر کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا۔
واپس کریں