نواز شریف نے آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کیا تو قانونی کاروائی ہو گی۔شہباز گل
اسلام آباد۔ وفاقی حکومت نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس سے نواز شریف کے خطاب کے خلاف پیمرا اور دیگر قانونی ذرائع استعمال کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے 20 تاریخ کو اسلام آباد میں ہونے والی اے پی سی میں نواز شریف کو ورچوئل شرکت کی دعوت دی تھی جسے انہوں نے منظور کر لیا تھا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ اگر نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال ہوں گے۔شہباز گل کا کہنا ہے کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ ایک مفرور مجرم سیاسی ایکٹیوٹیز کرے اور تقریر کرے-ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا، یہ اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس اور اس اجلاس سے نواز شریف کے خطاب سے کوخوفزدہ ہے اور یہ سمجھتی ہے کہ نواز شریف کی طرف سے آل پارٹیز اجلاس سے خطاب اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کے خلاف کسی متحرک کاروائی کی طرف مائل کر سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق میاں محمد نواز شریف آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب میں بڑا سرپرائز دیں گے۔
واپس کریں