وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر کل سے ضلع نیلم کا تین روزہ دورہ کریں گے
اٹھمقام۔وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان تین روزہ دور ے پر کل ضلع نیلم پہنچیں گے۔وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے دورہ نیلم کے انتظامات کے حوالے سے سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر کی زیر صدارت انتظامیہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمشنر مظفرآباد محترمہ تہذیب النسا، ڈپٹی کمشنرراجہ محمود شاہد،ایس پی ساجد عمران سمیت جملہ محکمہ جات کے ضلعی آفیسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے تین روزہ دورے کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اوردورے کو حتمی شکل دے دی گئی۔اس موقع پر سپیکر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا کہ نیلم کے دورے پر وزیر اعظم،وزرا کرام اور سیکرٹریز سمیت تمام آنے والے مہمانوں کی رہائش کا بہترین انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام آفیسران دورے کے دوران اپنی حاضری کو یقینی بنائیں گے اوراپنے محکمہ جات کے حوالے سے وزیراعظم کو مکمل بریفنگ دیں گے۔ وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان 22ستمبر سے 25ستمبر تک وادی نیلم کا دورہ کریں گے جہاں وہ مختلف ترقیاتی منصوبہ جات کاسنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ علاقے کے مسائل اور جملہ محکمہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔
واپس کریں