امن کے عالمی دن بھارتی فوج کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنے میں مصروف ہے، عالمی ادارے اپنا کردار ادا کریں، وزیر اعظم آزاد کشمیر
مظفرآباد۔وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ایک طرف دنیا یوم امن منا رہی ہے دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں قابض فوج خون کی ہولی کھیلنے میں مصروف ہے ۔اقوام متحدہ سمیت عالمی یوم امن منانے والے ادارے بھارت کو عالمی بدامنی کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ برس پانچ اگست سے جاری قابض بھارتی افواج کے فوجی محاصرے کو ختم کرانے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق، حق خودارادیت دلانے کے لئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔ ہر انسان کی طرح مقبوضہ کشمیر کے انسانوں کو بھی امن کی ضرورت ہے ۔ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا خطے میں امن کا قیام خواب ہی رہے گا اور جنگ کے بادل منڈلاتے رہیں گے ۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام امن اور عزت کے ساتھ اپنے بنیادی حقوق جو ہندوستان نے سلب کر رکھے ہیں کیلئے امن کے خواہاں ہیں۔ہندوستان امن کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سسک رہی ہے ، مقبوضہ کشمیر میں قابض لاکھوں ہندوستانی فوجی اورکشمیریوں کے خلاف بدترین مظالم امن کیلئے سب بڑا خطرہ ہے ۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے عالمی یوم امن کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہاکہ ہندوستان نے گزشتہ کئی دھائیوں سے خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی اور بدترین ریاستی دہشتگردی کے ذریعے پر امن کشمیریوں کو اپنی سفاکیت کا نشانہ بنارہا ہے ۔آج دنیا یوم امن منار ہی ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی قابض نو لاکھ فوج بدترین مظالم ڈھانے میں مصروف عمل ہے ۔ کشمیریوں کو نقل و حمل سمیت بنیادی انسانی حقوق بھی حاصل نہیں ۔ کشمیری نوجوانوں کو چن چن کے شہید کیا جا رہا ہے ان کے گھروں کے نذرآتش اور ان کا تشخص ختم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام لاکھوں جان قربان کر چکے ، ہزاروں معصوم بچے بھارتی عقوبت خانوں میں ہیں ، ہزاروں نوجوان لاپتہ ہیں جبکہ ہزاروں خواتین ایسی ہیں جن کو یہ بھی نہیں معلوم کہ ان کے شوہر زندہ ہیں یا مردہ ۔ وزیر اعظم نے مطالبہ کیا کہ خطہ میں امن کے دیر پا قیام کیلئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا بنیادی حق دلوانے کیلئے مہذب دنیا اپنا کردار ادا کرے ۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ قیام امن کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ۔انتہاپسند ہندوستانی وزیر اعظم نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلے عام خلاف ورزی کی ہے جس کا سخت نوٹس لیا جانا چاہئے ۔
واپس کریں